کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو نجی شعبے کے تحت درآمد کی جانے والی کورونا ویکسین کی قیمت طے کرنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔
بدھ کے روز کورونا وائرس ویکسین کی 10 لاکھ خوراک کی درآمد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران نجی کمپنی کے وکیل نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ وہ درآمدی کھیپ کی فروخت کی اجازے دے،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ویکسین کی درآمد میں کمپنی کو گمراہ کررہی ہے اور اب ویکسین بیچنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
عدالت نے ڈریپ کے وکلاء سے پوچھا کہ ویکسین کی قیمت کیوں طے نہیں کی گئی ہے اور اگر حکام کی طرف سے قیمت مقرر نہیں کی گئی تو ویکسین کس طرح درآمد کیا گیا۔ عدالت نے قیمتوں کا فیصلہ کرنے کے لئے حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیاہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزمعاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ فیڈرل حکومت تمام پاکستانیوں کے لئے ویکسین کی خریداری کر رہی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ فیڈرل حکومت تمام پاکستانیوں کے لئے ویکسین کی خریداری کر رہی ہے، حکومت تمام پاکستانیوں کے لئے ویکسین کی خریداری جاری رکھے گی،صوبوں کے لئے ویکسین کی خریداری کے لئے کسی این او سی کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر کوئی صوبہ خریدنے کے قابل ہے تو کوئی بھی رجسٹرڈ ویکسین خرید سکتا ہے، وفاقی حکومت ویکسین خریداری میں صوبوں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرے گی۔