سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے 9 مئی مقدمات کے متعلق دردمندانہ اپیل کی ہے۔ ایک کیس میں حاضری لگانے کیلئے آئے ہوئے شیخ رشید کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ہم حاضری لگانے آئے تھے۔ میں ان کیسز میں پاکستان میں ہی نہیں تھا، لیکن کیس کیس ہوتا ہے۔ میری چیف جسٹس سے ایک دردمندانہ اپیل ہے۔
ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ یہ بہت ہی دردمندانہ اپیل ہے کہ لوگوں کی اپیلیں سنی جائیں۔ غریب کے گھر میں بہت زیادہ مسائل ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری ہیں۔ ان کے گھر کا چولہا نہیں جل رہا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپیلوں کو سننے میں اتنی دیر ہوگئی ہے کہ لوگوں کے گھروں کے نظام بحران کا شکار ہوگئے ہیں۔ برائے مہربانی لوگوں کی اپیلیں سنی جائیں تاکہ کیسز کے فیصلے ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ میری آج کے کیس میں تاریخ دے دی گئی ہے اور کون سی تاریخ پڑی ہے، یہ جج صاحب آئیں گے تو بتائیں گے۔
راولپنڈی: شیخ رشید احمد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو#sheikhrasheed pic.twitter.com/jZs0dvzXuL
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) January 3, 2026
خیال رہے کہ 9مئی کیسز ملک کی تاریخ کے تکلیف دہ ترین کیسز میں شامل سمجھے جاتے ہیں، جن میں سیاسی محاذ آرائی، قومی اہمیت کی حامل عمارات پر حملے اور دیگر پیچیدہ عوامل شامل ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ ملک کا عدالتی نظام ان کیسز پر فیصلوں میں تاخیر اور ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








