اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کردیں، شیخ رشید کو وزارت داخلہ اور اعظم سواتی کو وزارت ریلوے کا قلمدان تفویض کردیا گیا۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کے بعد وزراء کے قلمدان تبدیل کردیئے، وزرات داخلہ کا قلمدان بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ سے لیکر شیخ رشید احمد کو سونپ دیا گیا۔
بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو وزارت نارکوٹکس کنٹرول اور اعظم خان سواتی کو ریلوے کی وزارت سونپ دی گئی جبکہ سابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر خزانہ مقرر کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب غیر منتخب مشیروں اور معاونین کے کابینہ کمیٹیوں کی سربراہی اور رکن ہونا غیر قانونی قرار دینے کا فیصلے کے بعد حکومت نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، ڈاکٹر فیصل سلطان اور عبدالرزاق داؤد کو کابینہ میں شامل کرنیکا فیصلہ کیا تھا۔
وزیراعظم کو حاصل خصوصی اختیارات کے تحت ابھی صرف ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈاکٹر فیصل سلطان اور عبدالرزاق داؤد کو بھی کابینہ حصہ بنایا جائیگا۔