اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ اور پاکستانی پاسپورٹ کی توہین نہیں ہونی چاہئے ،شو آف ہینڈز سے سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کا تاثر ختم ہو جائے گا۔
وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد شیخ رشید احمد نے پولیس لائن ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا،یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے لئے دعا کی۔
آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ادارے سے متعلق بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی بریفنگ میں موجودتھے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد پولیس کو بہت زیادہ مالی مسائل ہیں، پاکستان میں پولیس پر سب سے کم خرچ کیا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تمام پولیس چیک پوسٹس ختم کر رہے ہیں۔
ہارون جوئیہ کو اسلام آباد پولیس کا ترجمان مقرر کیا جا رہا ہے، وزیراعظم رواں ماہ پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کریں گے۔
وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا کہ شو آف ہینڈز سے سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کا تاثر ختم ہو جائے گا، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ 64 ارکان میں سے اگلے کمرے میں 50 نکلیں، کل نادرا کا دورہ کروں گا، شناختی کارڈ اور پاکستانی پاسپورٹ کی توہین نہیں ہونی چاہئے۔