مقتول بھارتی پنجابی گلوکار شبھدیپ سنگھ المعروف سدھو موسے والا کے والد بلکار سنگھ نے اپنے چھوٹے بیٹے کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے، جو اپنے بڑے بھائی سے غیرمعمولی مماثلت رکھتا ہے، بلکار سنگھ اور مداحوں نے اس بچے کو سدھو موسے والا کی دنیا میں واپسی قرار دیا۔
سدھو موسے والا کی المناک موت کے تقریباً دو سال بعد ان کے والدین بلکار سنگھ اور چرنجیت کور کے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا، بلکار سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنے نوزائیدہ بیٹے کی تصویر شیئر کی، جس میں وہ شبھدیپ سے غیرمعمولی مشابہت رکھتا ہے۔
والد اور بیٹے کی تصویر نے مداحوں کے دلوں کو چھو لیا، اور کئی لوگوں نے تبصرہ کیا کہ یہ بچہ شبھدیپ کی دوبارہ آمد ہے یا ان کی واپسی ہے۔
ایک بھارتی مداح نے چھوٹے بھائی کو “سدھو موسے والا، قرار دیا اور کچھ لوگوں نے اس بچے کو پاپ سنگر کا دوسرا جنم کہا، جو مئی 2022 میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہو گیا تھا۔
بلکار سنگھ نے تصویر کے کیپشن میں لکھا، “وہ چہرہ، جسے ہم نے آنسوؤں کے ساتھ خالق کے سپرد کیا تھا، اب ہمیں ایک چھوٹی شکل میں واپس ملا ہے، یہ خالق کی رحمت اور سب بہن بھائیوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔”
چھوٹے شبھدیپ نے ہلکی گلابی پگڑی پہنی ہوئی تھی اور اپنے والد کی گود میں بیٹھ کر کیمرے کی طرف مسکرا رہے تھے۔
کچھ دن قبل بلکار سنگھ نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی، جس میں وہ چھوٹے شبھدیپ کو پگڑی باندھتے ہوئے نظر آئے جبکہ پس منظر میں سدھو کا گانا پیاری ماںچل رہا تھا۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کا اصل نام شبھدیپ سنگھ تھا اور وہ 28 سال کی عمر میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار بن گئے تھے۔ 29 مئی 2022 کو انہیں پنجاب کے ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں دن دیہاڑے گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








