ایران جنگ اختتامی مرحلے کے قریب پہنچ گئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 8فیصد تک گر گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی خام تیل کی قیمت میں 8فیصد کی کمی ہوئی جو 90ڈالرز فی بیرل پر فروخت ہونے لگا۔ امریکی خام تیل کی قیمت 89ڈالر سے کم ہو کر 87ڈالرز فی بیرل ہوگئی۔
گزشتہ روز کاروبار کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 119ڈالرز فی بیرل سے زائد ہوگئی۔ تیل کی قیمت 119ڈالرز فی بیرل سے زائد ہونے کے بعد جی 7ممالک نے تیل کے ہنگامی ذخائر کے استعمال کا عندیہ دے دیا، جس کے بعد قیمتیں کم ہونا شروع ہوگئیں۔
بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ کے جلد خاتمے کا اعلان کیا جس کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی سامنے آئی۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز امریکی ٹی وی سی بی ایس سے گفتگو کے دوران کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جنگ بڑی حد تک مکمل ہوگئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ خاتمے کے قریب ہے۔ انہوں نے ری پبلکن کانفرنس سے خطاب کے دوران تیل سے متعلق پابندیوں کے اختتام کا بھی عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ تیل کے متعلق کچھ پابندیاں ختم کر رہے ہیں تاکہ تیل کی قیمتیں کم ہوجائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








