پاکستان میں سکھ برادری نے بھارتی جارحیت کے خلاف واضح مؤقف اختیار کرلیا۔ سکھ فار جسٹس نے آرمی چیف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھارتی مقبوضہ پنجاب کے سکھ رضا کاروں کو پاک فوج میں شمولیت کی دعوت دینے کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھ فار جسٹس کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی سندھ پر قبضے کی دھمکی کے پیش نظر سکھ برادری سندھ کی سرزمین کی حفاظت کیلئے پر عزم ہے۔ سکھ فار جسٹس کے قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ پاکستان فوری طور پر سکھوں کیلئے خصوصی بھرتی کا راستہ کھولے تاکہ وہ سندھ کا دفاع کرسکیں۔
سکھ فار جسٹس نے درخواست کی کہ پاک فوج سکھ رضا کاروں کو بھرتی کرنے کی اجازت دے، جس کے تحت پاک فوج کی کمانڈ ایک وقف شدہ سکھ دفاعی یونٹ تشکیل دے جو خصوصی طور پر سندھ کے دفاع کیلئے تعینات کیا جائے۔ ہزاروں سکھ رضا کار پاکستان کے باضابطہ اعلان اور بھرتی کے پروٹوکول کے فوری بعد شمولیت کیلئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ سکھ فار جسٹس نے پاک فوج میں بھرتی کی بنیاد اقوامِ متحدہ کے عالمی قوانین کے مطابق رکھی ہے جو فوجیوں کو ضمیر کی بنیاد پر کسی بھی جنگ میں حصہ لینے سے انکار کا حق دیتے ہیں۔ انسانی حقوق کمیشن (اقوامِ متحدہ) کا ماننا ہے کہ یہ حق ایسے افراد پر نافذ ہوتا ہے جو غیر منصفانہ جنگوں یا سیاسی آپریشنز میں ہتھیار اٹھانے پر مجبور کردئیے گئے ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








