کراچی کے نشتر پارک میں منگل کی صبح مجلسِ چپ تعزیہ کا انعقاد ہوا جس کے بعد روایتی چپ تعزیہ جلوس اپنے مقررہ راستے پر روانہ ہوا۔ یہ جلوس نشتر پارک سے شروع ہو کر حسینیہ ایرانی نور باغ پر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے چھتوں پر ماہر نشانے باز تعینات ہیں جبکہ پورے جلوس کے راستے پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی جاری ہے۔
نشتر پارک سے کھارادر تک کے جلوس کے راستے پر 3,400 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ضلع وسطی میں شاہ نجف جلوس کے لیے بھی 2,300 سے زائد پولیس اہلکار موجود ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے تمام سیکیورٹی یونٹس کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جلوس کے راستے میں آنے والی مارکیٹیں اور تجارتی مراکز احتیاطاً بند رکھے گئے ہیں۔
ٹریفک کا متبادل نظام
کراچی ٹریفک پولیس نے جلوس کے دوران شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا تفصیلی منصوبہ جاری کیا ہے
ضلع وسطی:
ناظم آباد سے آنے والوں کو لسبیلہ چوک سے گزر کر گارڈن کے راستے نشتر روڈ کی طرف جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
لیاقت آباد سے آنے والے افراد تین ہٹی سے لسبیلہ چوک کی طرف مڑ کر مارٹن روڈ (سنٹرل جیل کے قریب) جا سکتے ہیں۔
حسن اسکوائر سے کشمیر روڈ کے ذریعے شارع قائدین یا جیل فلائی اوور سے تین ہٹی اور نشتر روڈ تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ضلع شرقی:
شارع فیصل سے آنے والے افراد سوسائٹی لائٹ سگنل سے کشمیر روڈ کا استعمال کریں۔
جمشید روڈ (سنٹرل جیل گیٹ کے قریب) سے آنے والوں کے لیے تجویز کردہ راستے گورو مندر، بہار کالونی، دریا خان روڈ اور سولجر بازار ہیں۔
ضلع جنوبی:
گارڈن چڑیا گھر کے قریب موجود افراد انکل ثریا اسپتال روڈ سے گل پلازہ یا کوسٹ گارڈ/ہولی فیملی اسپتال کی طرف جا سکتے ہیں، اور پھر ایم اے جناح روڈ کی طرف روانہ ہوں۔
ہیوی ٹریفک:
سپر ہائی وے سے آنے والی بھاری گاڑیوں کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 کی طرف موڑ دیا گیا ہے، جہاں سے وہ حبیب بینک فلائی اوور، اسٹیٹ ایونیو روڈ کے ذریعے شیرشاہ اور ماری پور جا سکتی ہیں۔
نیشنل ہائی وے سے آنے والی گاڑیاں شارع فیصل یا راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم روڈ، پھر حسن اسکوائر کے ذریعے شیر شاہ اور ماری پور کی جانب جا سکتی ہیں۔
ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند ہے۔ صرف ان گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت ہے جن کے پاس جلوس میں شرکت کا باضابطہ پاس موجود ہو۔ یہ گاڑیاں شارعِ قائدین سوسائٹی لائٹ سگنل سے داخل ہو سکیں گی۔
جلوس اپنے مقررہ روایتی راستے سے گزرتے ہوئے، آخری مجلس کے بعد نور باغ پیسنجر اسٹیشن حسینیہ ایرانی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








