کراچی :سال2020میں ہونے والی بارش سے تباہی کے نقصانات سے متعلق سندھ حکومت نے متاثرین میں 4 ارب روپے تقسیم کی منظوری دیتے ہوئے رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کردی ہے۔
جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ میں 2020 میں ہونے والی بارش سے تباہی کے نقصانات سے متعلق سندھ حکومت نے 4 ارب روپے تقسیم کی منظوری دے دی ہے۔ بارش متاثرین کے نقصانات سے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال بارش میں 149 افراد جاں بحق، 103 زخمی ہوئے۔ 7120 پکے اور 75 ہزار کچے مکانات مکمل تباہ ہوئے۔ پونے دو لاکھ سے ذیادہ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک لاکھ، زخمیوں کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ متاثرین میں رقم تقسیم کیلئے نجی بینک سے معاہدہ ہوگیا ہے۔
گزشتہ سال مون سون میں کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے متعدد علاقے زیرآب آگئے تھے اور مختلف علاقوں میں پانی کے اوور فلو کے باعث ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے باعث لاکھوں لوگ متاثر ہوئے تھے۔
وزیرِ اعلیٰ کی زیرصدارت نومبر میں سندھ میں شدید بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کیلئے منعقدہ اجلاس کے دوران آفت زدہ 20 اضلاع کے متاثرین کو معاوضے کی اصولی منظوری دی گئی تھی۔