کراچی: سندھ حکومت نے پولیس رولز میں اصلاحات کرنے کافیصلہ کرلیا،سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب سے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور آئی جی سندھ پولیس نے ملاقات کی جس میں پولیس رولز اور جیلوں کی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں ایف آئی آر کٹتے ہی متعلقہ شخص کو گرفتار کرلیا جاتا ہے لیکن دنیا بھر میں اُصول ہے کہ جب تک جرم ثابت نہ ہو کسی کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔
عام ایف آئی آر سے نہ صرف متعلقہ شخص بلکہ اسکا پورا خاندان متاثر ہوتا ہے۔ ہماری جیلوں میں بڑی تعداد انڈر ٹرائل قیدیوں کی ہے۔ جس سے نہ صرف جیلوں بلکہ عدالتوں پر بھی بوجھ بڑھتا ہے
۔
مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اس ضمن میں پولیس رولز میں اصلاحات کا فیصلہ کیا ہےتاکہ جیلوں میں انڈر ٹرائل قیدیوں کی تعداد کو کم اور عدالتوں پر بوجھ بھی کم کیا جاسکے۔
ہماری کوشش ہوگی کہ صرف ایسے ملزمان کو گرفتار کیا جائے جو عادی مجرم ہوں۔ان ترامیم پر تفصیلی غور و خوض شروع کردیا گیا ہے۔ جلد اس سلسلے میں موثر ترامیم کی جائینگی جسکے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔