کراچی: اللہ اکبر تحریک سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی نے سندھ کو ڈبو دیا ہے۔
گلشن اقبال میں واقع اللہ اکبر تحریک کے زونل آفس میں ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ندیم نے کہا کہ سیلاب متاثرین تین ماہ گزرنے کے بعد بھی سڑکوں پر بیٹھ کراپنے گھروں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔سندھ حکومت کی امداد اور وفاقی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے امدادی اعلانات پر عمل درآمد کہیں نظر نہیں آرہا۔ متاثرین آج بھی دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں نے سندھ حکومت کی نااہلی کو عیاں کردیا ہے۔سندھ حکومت یا کسی سے ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے ۔ چاہتے ہیں کہ سندھ میں بہتر طرز حکمرانی قائم ہو ،غربت، بھوک اور بدحالی کا خاتمہ ہو۔سیلاب متاثرہ عوام کو اپنے حقوق ملیں۔
وزیراعظم کی قازقستان میں مختلف رہنماؤں سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے مختلف اضلاع میں صنعتیں اور کارخانے تیزی کے ساتھ بند ہورہے ہیں۔ جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر عوام بیروزگار اور معاشی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جارہی ہے۔ اللہ اکبرتحریک فرسودہ نظام ،وڈیرہ شاہی کلچر کے خاتمے اور عادلانہ نظام کو نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔
صدر اللہ اکبر تحریک نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سندھ کی بدحالی سیلاب نے نہیں بلکہ کرپٹ نظام اور نااہل حکمرانی کی وجہ سے سندھ ڈوبا ہے۔ کرپٹ قیادت اور فرسودہ نظام کے خاتمے اور بہتر حکمرانی کے لیے اب عوام کو بیداری کا ثبوت دینا ہوگا ۔ ورنہ غربت،بھوک بدحالی اور ہر سال سیلاب ان کا مقدر ہوگا۔
فیصل ندیم نے نوری آباد کے قریب سیلاب متاثرین کی بس حادثے میں ہونے والی اموات پر شدید دکھ و غم کا اظہار کیا۔ لواحقین کیلیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








