سکھر اور شکارپور کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری، سفری سہولتوں میں اہم پیش رفت

تازہ ترین

تازہ ترین

سندھ کی بسیں
پیپلز بس سروس سندھ حکومت کا پروجیکٹ ہے، فائل فوٹو

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ پیپلز بس سروس آئندہ ہفتے سے سکھر اور شکارپور کے درمیان بھی چلائی جائے گی۔

یہ فیصلہ صوبائی ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت شرجیل میمن نے کی، جہاں عوامی ٹرانسپورٹ سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق شہریوں کے لیے سفری سہولیات میں بہتری کے منصوبے زیر غور ہیں، جن میں نئے روٹس کا آغاز اور خواتین کے لیے خصوصی اقدامات شامل ہیں۔

یہ بھی تجویز دی گئی کہ سکھر شکارپور بس سروس کے افتتاح اور سکھر و حیدرآباد میں خواتین کو پنک اسکوٹیز کی تقسیم کی تقریبات جلد منعقد کی جائیں گی۔

مزید برآں حکومت نے آئندہ مالی سال میں الیکٹرک (EV)، ہائبرڈ اور ڈبل ڈیکر بسیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سندھ بھر میں بشمول کراچی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ حیدرآباد کے لیے خصوصی منصوبہ بندی جاری ہے، جس کے تحت حیدر چوک سے کوہسار اور حیدرآباد سے ٹنڈو اللہ یار تک نئے روٹس جلد شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں مزید بسیں ٹرانسپورٹ سسٹم میں شامل کی جائیں گی اور مختلف اضلاع میں مرحلہ وار سروسز شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے تصدیق کی کہ سکھر–شکارپور روٹ پر پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز آئندہ ہفتے کیا جائے گا، جبکہ ای وی ٹیکسی سروس سے متعلق امور اس ماہ کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

Related Posts