ایم بی اے پاس سندھی نوجوان جسے پنجاب نے گلے لگایا! جانیں اظہر میمن ہیں کون

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

سندھ کے ضلع خیرپور سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان جس کی سڑک کنارے ایم بی اے کی ڈگری تھامے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی بدھ کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اظہر میمن کی زندگی میں ایک نمایاں تبدیلی کی علامت بنی جو چند روز قبل تک خیرپور کی سڑک پر بیٹھے نظر آئے تھے۔

اظہر میمن جو جامعہ کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری رکھتے ہیں اس وقت خبروں کا مرکز بن گئے جب ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلی۔ اس ویڈیو میں وہ رواں انگریزی میں اپنی مشکلات اور حالاتِ زندگی بیان کر رہے تھے۔ ویڈیو میں انہیں فٹ پاتھ کے کنارے بیٹھے دیکھا گیا جہاں وہ اپنی ڈگری کے ساتھ ایک ہاتھ سے لکھا ہوا بورڈ تھامے ہوئے تھے جس پر درج تھا ماسٹر ان ایم بی اے فرام کراچی یونیورسٹی۔

اس ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو گہرے طور پر متاثر کیا اور ملک میں تعلیم یافتہ افراد کو درپیش روزگار کے مسائل کو اجاگر کیا۔ ہزاروں لوگوں نے اس پر ردعمل دیا اور اسے تعلیم اور روزگار کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کی مثال قرار دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد اظہر میمن کو اسلام آباد مدعو کیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ایک علامتی قدم اٹھاتے ہوئے اظہر میمن کو اپنی سرکاری کرسی پر بٹھایا جسے حوصلہ افزائی کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔

ملاقات کے حوالے سے عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک قابل اور تعلیم یافتہ نوجوان سے ملنا ان کے لیے جذباتی لمحہ تھا۔ ان کے مطابق اظہر میمن نے اپنی ویڈیو میں ماضی سے لے کر موجودہ مشکلات تک کی داستان بیان کی تھی جس سے متاثر ہو کر انہیں بلایا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق اس ملاقات میں اظہر میمن کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے تاہم اس حوالے سے کسی مخصوص ادارے یا عہدے کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

Related Posts