امراض گردہ کے مثالی قومی ادارے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (SIUT) ٹرسٹ نے کراچی کے معروف ریجنٹ پلازہ ہوٹل کو 14.5 بلین روپے کے عوض خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس پیشرفت کے متعلق ریجنٹ پلازہ ہوٹل کے مالک پاکستان ہوٹلز ڈویلپرز لمیٹڈ (PHDL) نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نام اپنے ایک نوٹس میں آگاہ کیا ہے۔
لیٹر میں اطلاع دی گئی ہے کہ کمپنی کو 9 اکتوبر 2023 کا ایک آفر لیٹر موصول ہوا ہے جس میں ایس آئی یو ٹی کی جانب سے ہوٹل پراپرٹی (ریجنٹ پلازہ) کی خریداری کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔
پی ایچ ڈی ایل کے لیٹر کے مطابق ایس آئی یو ٹی کی اس دلچسپی کے حوالے سے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 12 اکتوبر (جمعرات) کو بورڈ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
دوسری جانب ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ نے پی ایچ ڈی ایل کے نام اپنے آفر لیٹر میں کہا ہے کہ ادارے نے شاہراہ فیصل پر واقع پی ایچ ڈی ایل کی جائیداد (ریجنٹ پلازہ) کو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کی جانب سے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ادارہ 14.50 بلین روپے کے عوض مذکورہ پراپرٹی کو ‘جیسے ہے، جہاں ہے’ کی بنیاد پر خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








