ایس ا ٓئی یو ٹی میں ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

SIUT organized World hepatitis day
SIUT organized World hepatitis day

کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن) ایس آئی یو ٹی) میں 28جولائی بروز جمعرات ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا گیا۔ اس موقع پر لوگوں کو ہیپاٹائٹس کی بیماری اور اس سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اپنانے اور ویکسین لگوانے کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

ہیپاٹائٹس کے بین الاقوامی ادارے نے اس سال کا موضوع ”ہیپاٹائٹس انتظار نہیں کر سکتا” رکھا ہے، جس کا بنیادی مقصد سال 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کا خاتمہ کرنا ہے۔

پاکستان میں تقریبا 71ملین افراد ہیپاٹائٹس سی سے متاثر ہیں اور یہ تعداد ہرسال بڑھتی جار ہی ہے۔ اس کی سب سے اہم وجہ اس بیماری سے لاعلمی ہے۔

اس بیماری کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے کیونکہ بہت سے مریض پیچیدگیوں میں مبتلا ہونے سے پہلے اس کے بارے میں نہیں جانتے اور بعض اوقات اس کو ترجیح نہیں دیتے جس کے باعث 2019 ہیپاٹائٹس بی سے 12000 جبکہ ہیپاٹائٹس سی سے 17000اموات ہوئیں۔

ہیپاٹائٹس اے اور ای کے کیسز کی تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے طبی ماہرین نے شرکاء کو اس مرض سے متعلق رہنمائی کرتے ہوئے بتایا کہ اس بیماری سے بچاؤ کے لئے پانی ابال کر پئیں۔ کھانا کھانے سے پہلے اور بعد، اورواش روم استعمال کرنے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔ اس کے علاوہ ہیپاٹائٹس اے اور ای سے بچا و کے لئے ویکسین لگائیں۔

ہیپاٹائٹس بی اور سی کے بارے میں ماہرین نے خون کے عطیہ کے دوران اسکریننگ،نئی سرنجیں، ریزر بلیڈ اور جراثیم سے پاک دانتوں اور جراحی کے آلات کے استعمال پر زور دیا۔ شدید ہیپاٹائٹس میں جگر کی خرابی کی صورت میں مریض کو اعضاء کی پیوند کاری سے گزرنا پڑتا ہے جبکہ دائمی ہیپاٹائٹس بی اور سی کا علاج دواوں سے کیا جاتا ہے۔

ہیپاٹائٹس بی ویکسین خاص طور پر کمزور قوت مدافعت والے مریض، ذیابیطس، مسافر، ہیموڈایالیسس کے مریض، اور غیر محفوظ جنسی عمل کرنے والے لوگ ضرور لگوائیں۔

کمیونٹی میں اس قسم کے ہیپاٹائٹس کے واقعات کو کم کرنے کے لیے 90 فیصد سے زیادہ نوزائیدہ بچوں کو ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کا ہدف دیا گیاہے۔طبی ماہرین نے نشاندہی کی کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کا اگر علاج نہ کیا جائے تو وہ جگر کے کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:مون سون بارشوں میں ڈینگی اور ملیریا کی وباء پھیلنے کا خدشہ

لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ایس آئی یوٹی میں ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پرشرکت کی۔ اس موقع پر انہیں مفت معائنہ، تشخیص، ویکسینیشن، غذائی مشاورت، کے علاوہ آگاہی سے متعلق ویڈیوز دکھائی گئیں اور اس سے بچاو کے متعلق لٹریچر فراہم کیا گیا۔

Related Posts