کراچی کی تاریخ کی بڑی ڈکیتی کے شاطر ملزمان کیسے پکڑے گئے؟ سنسنی خیز رپورٹ

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

کراچی کی تاریخ کی چند بڑی ڈکیتیوں میں سے ایک ڈکیتی میں مبینہ طور پر ملوث سرغنہ سمیت گینگ کے چھ ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

یہ گرفتاریاں اورنگی ٹاؤن کی اقبال مارکیٹ میں واقع پرنس جیولرز میں ہونے والی بڑی واردات کے 48 گھنٹوں کے اندر عمل میں آئیں۔

ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق ملزمان نے دکان کی عقبی دیوار توڑ کر سیف تک رسائی حاصل کی اور 606 تولہ سونا، 7 ہزار 64 گرام کسٹم میڈ طلائی زیورات، 25 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے اور دیگر قیمتی اشیا چرا لیں۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ کی ہدایت پر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کی نگرانی میں کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق گینگ کے مبینہ سرغنہ عرفان کو پانچ ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ مسروقہ زیورات ایک خفیہ ٹھکانے سے برآمد ہوئے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دکان کے ایک ملازم عامر نے چابیاں نقل کر کے اور دیوار پر نشانات لگا کر واردات میں سہولت فراہم کی۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گرائنڈر مشین، اسلحہ، موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے۔

ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ ڈکیتی کی منصوبہ بندی چھ ماہ قبل کی گئی تھی۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

Related Posts