شانگلہ: تحصیل کانہ کے علاقے بیلکنئی کی رہائشی خاتون کو گھریلو جھگڑے پر بیٹے نے کلہاڑی کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا۔
مقتولہ کی شناخت ممتاز بی بی کے نام سے ہوئی ہے، مقتولہ گھر میں تھی جب اس کے بیٹے اختر نواز نے مبینہ طور پر اپنے چچا محمد ایاز کے اکسانے پر اسے کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ ممتاز بی بی نے اختر نواز کو اپنے چچا کے ساتھ باہر نہ جانے کا مشورہ دیا تھا جس پر وہ مشتعل ہو گیااور غصے میں آکر اس نے کلہاڑی سے حملہ کرکے اپنی ماں کو قتل کردیا۔
ڈی پی او عمران خان نے صحافیوں کو بتایا کہ مقتولہ کے بھائی جہاں بار نے جرم کی اطلاع دی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ممتاز بی بی کی ریاض محمد سے شادی کو تقریباً 22 سال ہوچکے تھے اور جوڑے کو کچھ گھریلو مسائل کا سامنا تھا۔
پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت اولندر تھانے میں مقدمہ درج کر کے اختر نواز اور محمد ایاز دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس اس معاملے میں اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








