کے پی کے سیلابی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزیر اعظم ہاؤس میں خصوصی سیل قائم

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے کے پی اور آزاد کشمیر سمیت بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری اور بھرپور امدادی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلابی صورت حال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور امدادی کارروائیوں کے لیے ہدایات جاری کر رہے ہیں اور انہوں نے چیئرمین ایم ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مسلسل رابطہ رکھنے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو این ڈی ایم اے سے 24 گھنٹے رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے تین مرتبہ این ڈی ایم اے کا دورہ کر کے ذاتی طور پر ریسکیو اور ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا، حکومت کا فوکس ریلیف اور ریسکیو اقدامات پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تمام ادارے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، این ڈی ایم اے کے پیشگی آگاہی نظام سے خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو باقاعدگی سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ این ڈی ایم اے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

Related Posts