کراچی ٹریفک پولیس نے شہر کی تمام بڑی شاہراہوں کے لیے نئی رفتار کی حد مقرر کر دی ہے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو منظم کیا جا سکے اورحادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق یہ اقدام جدید ای چالان سسٹم کے تحت شہر میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
موٹر سائیکلوں اور ہلکی گاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بھاری گاڑیوں کے لیے حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ شہر بھر میں رفتار کی نگرانی کے لیے جدید کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ خلاف ورزیوں کی فوری نشاندہی ہو سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ 10 ہزار بھاری گاڑیوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز نصب کی جا رہی ہیں جو ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائٹیشن سسٹم سے منسلک ہوں گی جس کے ذریعے ان کی حرکت کا حقیقی وقت میں جائزہ لیا جا سکے گا۔
پیر محمد شاہ کے مطابق یہ نظام فی الحال کراچی کے 40 فیصد حصے میں فعال ہے، جہاں 1717 کیمرے نصب ہیں۔ ضلع جنوبی میں نظام مکمل طور پر فعال ہے جبکہ شارع فیصل سمیت دیگر بڑی شاہراہیں اس کی نگرانی میں شامل ہیں۔
ملیر، کورنگی، مشرقی، کیماڑی اور ضلع وسطی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں، جن میں تیز رفتاری، سگنل توڑنا، الٹی سمت میں گاڑی چلانا، ہیلمٹ نہ پہننا اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنا شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید بتایا کہ اس نظام کو جلد صنعتی علاقوں جیسے سائٹ، لانڈھی، کورنگی اور نیو کراچی تک توسیع دی جائے گی۔
اگلے سال کے آغاز سے مزید 11 ہزار کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ پورے شہر میں ’’ٹریفک مینجمنٹ سسٹم‘‘ مکمل طور پر فعال ہو سکے۔
عوامی آگاہی کے لیے 8 نومبر سے ایک ماہ پر مشتمل مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں شہریوں کو ٹریفک قوانین اور ٹریک سسٹم کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔
پیر محمد شاہ نے اعتراف کیا کہ نظام ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس میں کچھ خامیاں موجود ہیں تاہم ان پر مسلسل کام کیا جا رہا ہے تاکہ کراچی کی ٹریفک کو جدید، محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








