راول ڈیم کے سپیل ویز کھول دیئے گئے، شہری بلا خوف و خطر نہانے پہنچ گئے، انتظامیہ بے ہوش

تازہ ترین

تازہ ترین

راول ڈیم کے سپیل ویز کھول دیئے گئے، شہری بلا خوف و خطر نہانے پہنچ گئے، انتظامیہ بے ہوش
راول ڈیم کے سپیل ویز کھول دیئے گئے، شہری بلا خوف و خطر نہانے پہنچ گئے، انتظامیہ بے ہوش

اسلام آباد:راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ڈیم کے سپیل ویز کھول دئیے گئے، دوسری جانب شہر اقتدار اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مچھلی کا شکار اور نہانے پر دو ماہ کے لیے دفعہ 144کے نفاذکا نوٹیفکیشن جاری کیا گیاہے،اس کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد شکار کرنے اور نہانے کے لئے پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی باعث سپیل ویز کو کھولا ہے بڑی تعداد میں شہری سپیل ویز کے نیچے اور بنی گالہ کی حدود پل کے نیچے نہانے لگے اور مچھلی کا شکار کرنے لگے۔

تھانہ بنی گالہ تھانہ سیکرٹریٹ اور چیک شہزاد تھانہ کہ حدود میں کورنگ نالے کے قریب شہریوں کا رش کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، انتظامیہ کا کوئی اہلکار موقع پر موجود نہیں اور نہ وفاقی پولیس کا کوئی اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہے۔

کسی بھی وقت کو ئی بھی سنگین واقع رونما ہوسکتا ہے،انسانی جانوں کو خطرہ ہے،جبکہ ڈی سی اسلام آباد اور ان کا عملہ خواب خرگوش میں محو ہے،اسلام آباد انتظامیہ نے مزید بارشوں کے لیے کوئی ہنگامی بندوبست نہیں کیا۔

شہر سے گزرنے والے نالے اور سیوریج لائنوں کی صفائی تا حال نہیں کی گئی جسکی وجہ سے مسلسل بارش ہونے کے بعد شہر پانی میں ڈوب سکتا ہے اور شہر قائد کا منظر پیش کر سکتا ہے،آج صبح ہونے والی بارشِ سے اسلام آباد کے تمام انڈر پاس پانی سے بھر چکے ہیں۔

اسلام آباد انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ ابھی تک انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے، شہریوں نے وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی صفائی ستھرائی ہنگامی بنیادوں پر کرائی جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔

Related Posts