کراچی: سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ پر 550 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا گیا، گورنراسٹیٹ بینک رضا باقراور سکھ رہنما رمیش سنگھ نے سکے کا افتتاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں بابا گرونانک کی 550سالگرہ پر یاد گاری سکے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ، جس میں گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر اور سکھ رہنما رمیش نے یاد گاری سکے کی رونمائی کی۔
اس موقع پر گورنراسٹیٹ بینک نے کہاکہ سکھ مذہب کے بابا گرونانک کے جنم دن کے حوالے سے یہاں جمع ہیں یہ پہلا سکہ ہے جو اسٹیٹ بینک نے مذہبی شخصیت کے لیے جاری کیا ، اس کی تین وجوہات ہیں ، ایک یہ کہ قومی ادارے اپناکردار ادا کررہے ہیں ، سکہ جاری کرنا ہماری ذمہ داریوں میں آتا ہے اور گرونانک کا پیغام بھائی چارہ ہم آہنگی کا مسیج عام ہو۔
باقر رضانے کہا کہ جب تک امن و امان نہیں ہوگا تو کچھ نہیں ہوسکتا، امن معیشت کیلیے ضروری ہے،اس میں اسٹیٹ بینک پیش پیش ہے، تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہوں گا۔
چیئرمین پاکستان سکھ کونسل سردار رمیش کا خطاب میں کہنا تھا کہ سکے کے اجراپر 14کروڑ سکھ براداری پاکستان کی شکرگزارہے، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا شکر گزارہوں، حکومت پاکستان کے مشکور ہیں کرتارپور کا تحفہ ہم اسکا قرض نہیں اتار سکتے۔
سردار رمیش نے کہا کہ اتنی جلدی کرتارپور کی تعمیر کرنا ناممکن تھا، جب میں وہاں موجود تھا تو میں اپنے جذبات بتا نہیں سکتا، دنیا بھرکے سکھ پاکستان کرتار پور آنے کیلئے ترستے ہیں، بابا گرونانک نے زندگی کے آخری 18سال کرتارپور میں گزارے اور آخری آرام گاہ بھی ان کی وہی ہے۔
سکھ رہنما نے کہاکہ ہم سب ایک ہیں اور ہمارے بابا کا بھی یہ پیغام ہے، ہم گورنر صاحب سے کہتے ہیں ہمیں زیادہ سے زیادہ سکے دیں تاکہ ہم اسے دنیا تک پہنچائیں، یہ وژن بابائے قوم قائداعظم کاتھا جو عمران خان کی حکومت کررہی ہے۔