کراچی : سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اسٹیل ملز کے ملازمین کا احتجاج، متاثرین اسٹیل ملز کی بڑی تعداد سپریم کورٹ پہنچ گئی، حکومت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔
اسٹیل ملز ملازمین کا کہنا ہے کہ 2009 سے ہماری تنخواہیں نہیں بڑھائی گئیں، وزیراعظم نے جو وعدے کیے پورے نہیں کیے، چیف جسٹس پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو برطرف کرنے پر نوٹس لیں، ہم نوکری کرنا چاہتے ہیں، ہماری ملازمتوں کو بحال کیا جائے۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز سے جبری برطرفی قانون کی خلاف ورزی ہے، 4 ہزار 544 ملازمین کو بغیر کسی وجہ کے نکال دیا گیا، 1400 افسران اور 3100 ملازم 2 سے 3 اسکیل کے لوگ ہے۔
اسٹیل ملز کی سی بی اے یونین سمیت مختلف ٹریڈ یونینز اور ملازمین سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے 4 ہزار 500 سے زائد ملازمین کو گزشتہ ماہ برطرف کردیا تھا جبکہ حکومت پہلے ہی بحالی کے عمل کے تحت خسارہ دینے والے صنعتی یونٹ (اسٹیل ملز) کے 9 ہزار 300 ملازمین کو برطرف کرنے کا پہلے ہی اعلان کرچکی تھی۔