پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جہاں ابتدائی سیشن میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 900 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا تاہم سیشن کے دوسرے نصف میں مندی کا رجحان غالب آ گیا جس کے باوجود انڈیکس دن کے اختتام پر 383 پوائنٹس کے اضافے کے بعدایک لاکھ 22 ہزار 24 پر بند ہوا۔
کاروبار کے دورانِ انڈیکس ایک موقع پر 122,611 پوائنٹس کی سطح تک بھی پہنچا جو کہ دن کی بلند ترین سطح تھی تاہم اختتامی سودوں میں انڈیکس نے 0.32 فیصد مثبت تبدیلی کے ساتھ دن مکمل کیا۔
مارکیٹ میں یومیہ لین دین کے دوران مجموعی طور پر 23 کروڑ 52 لاکھ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا، جو گزشتہ کاروباری روز کے 85 کروڑ 46 لاکھ سے کہیں کم رہا۔ اسی طرح حصص کی مالیاتی قدر بھی کم ہو کر 12.679 ارب روپے رہی، جو پچھلے سیشن میں 25.793 ارب روپے تھی۔
آج کاروبار کے دوران 473 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 230 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ، 200 میں کمی، جبکہ 43 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی۔
مارکیٹ میں خریداری کا رجحان خاص طور پر بینکنگ، کھاد، تیل و گیس کی تلاش، آئل مارکیٹنگ کمپنیز (OMCs)، اور ریفائنری سیکٹرز میں دیکھنے میں آیا۔ انڈیکس میں بھاری وزن رکھنے والے حصص جیسے کہ پی آر ایل، وافی، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی، اور میزان بینک نے سبز زون میں کاروبار کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








