پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز بھی تیزی کا سلسلہ جاری رہا جہاں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس نے کاروبار کے آغاز میں ہی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ صبح 11 بجے انڈیکس 840 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 47 ہزار 770 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا جوش و خروش نمایاں رہا خاص طور پر آٹو موبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے شعبوں میں خریداری کا رجحان غالب رہا۔
بڑی کمپنیوں جیسے کہ ماری پیٹرولیم، پی او ایل، پی ایس او، سوئی سدرن گیس، سوئی ناردرن گیس، ایچ بی ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے شیئرز مثبت رجحان کے ساتھ ٹریڈ کرتے نظر آئے۔
ماہرین نے اس تیزی کو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد سے جوڑا جو کہ کمپنیوں کے حوصلہ افزا منافع اور توانائی کے شعبے میں متوقع امریکی سرمایہ کاری کی خبروں سے مزید تقویت پا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یعنی پیر کو بھی پی ایس ایکس میں تیزی کا راج رہا تھا جب کے ایس ای-100 انڈیکس 1,547.05 پوائنٹس اضافے سے 146,929 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب منگل کے روز ایشیائی مارکیٹوں میں بھی تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ یہ تیزی عالمی معیشتوں کے درمیان ٹیرف معاہدوں میں توسیع کی خبروں سے منسوب کی جا رہی ہے۔ جاپانی اسٹاک مارکیٹ نے طویل تعطیل کے بعد ٹیکنالوجی شیئرز کی بدولت تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھوا، جو عالمی معاشی استحکام کی ایک مثبت علامت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








