شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکا، 3 سیکیورٹی اہلکار شہید

تازہ ترین

تازہ ترین

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں نائب صوبیدار صاحب خان ، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان  شہید جبکہ تین بے گناہ  شہری شدید زخمی ہوئے۔

خودکش حملہ آور کا مقصد سیکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنانا تھا، تاہم ڈیوٹی پر موجود سپاہیوں کی جانب سے شبے کی بنا پر خودکش حملہ آور کو بروقت پکڑنے سے بڑی تباہی ٹل گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

کراچی میں دو دریا سے پورٹ قاسم کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی تجویز

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اس سے قبل پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ میران شاہ اور میر علی کے درمیان واقع حمید اللہ چیک پوسٹ پر خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، حملے کے نتیجے میں 4 اہلکاروں کے علاوہ دس شہری زخمی ہوئے۔

دھماکے کے بعد سیکوری فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گرد کے ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ زخمی ہونے والے شہریوں میں احسان اللہ،اکرام ،محمد نصیر ،محمد عامر،سید محمد ،سیف اللہ ،رشید گل ، منصور، عمر اور محمد قاسم شامل ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

Related Posts