اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت اقدامات کیخلاف اپوزیشن کی جانب سے فوری حکم امتناعی دینے کی استدعا مسترد کردی۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ حکومت اقدامات کر چکی ہے،اب اس پر حکم امتناعی جاری نہیں کیا جا سکتا کسی کو بھی اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے کوئی بھی ریاستی ادارہ غیر آئینی اقدام نہ کرے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو بغیر ووٹنگ کے مسترد کیے جانے کے بعد چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کے بعد ازخود نوٹس لیا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاملے پر سماعت کی، بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔
عدالت نے سیکرٹری دفاع کو ملک میں امن وامان سےمتعلق اقدامات پرآگاہ کرنےکانوٹس جاری کیا اور چیف جسٹس نے کہا کہ رمضان شریف ہے، سماعت کو لٹکانا نہیں چاہتے۔سیاسی جماعتیں پر امن رہیں، کوئی ماورائے آئین اقدام نہ اٹھا یا جائے۔