سویڈن کے ارب پتی روجر اکیلیوس نے غزہ کے بچوں کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا عطیہ 70 ملین یورو دے کر دنیا کو حیران کردیا۔
سویڈن کی ارب پتی کاروباری شخصیت روجر اکیلیوس نے غزہ کے بچوں کے لیے ایک غیر معمولی عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 70 ملین یورو (تقریباً 75 ملین امریکی ڈالر یا 21 ارب پاکستانی روپے) ہے۔ یہ رقم اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کے ذریعے خرچ کی جائے گی اور اسے یونیسیف کو یکمشت ملنے والا اب تک کا سب سے بڑا عطیہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ خطیر رقم خاص طور پر غزہ میں تعلیم کے شعبے کی بحالی کے لیے مختص کی گئی ہے۔ اندازہ ہے کہ اس سے سینکڑوں اسکول تعمیر کیے جا سکتے ہیں اور ہزاروں بچے دوبارہ تعلیم کی بنیادی نعمت سے مستفید ہو سکیں گے۔
اکیلیوس فاؤنڈیشن کی سربراہ کرسٹن اینگسٹروم کے مطابق یہ عطیہ تقریباً 400 اسکولوں کی تعمیر میں مدد دے سکتا ہے، جس سے غزہ کے بچوں کے لیے تعلیمی مواقع کے نئے دروازے کھلیں گے۔
روجر اکیلیوس نے اپنے اس تاریخ ساز فیصلے کے بارے میں کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ صرف پندرہ منٹ میں کر لیا۔
یہ تاریخی اقدام انسانی ہمدردی اور خیرسگالی کی ایک روشن مثال ہے، جو غزہ کے بچوں کے مستقبل میں امید کی کرن ثابت ہو گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








