ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نے پہلی کامیابی حاصل کر لی، ایونٹ میں اپنے تیسرے میچ میں بابر الیون نے بالآخر کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیو یارک میں جاری ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان نے کینیڈا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جبکہ کینیڈا نے پہلے کھیلتے ہوئے 107 رنز کا ہدف دیا، جسے پاکستان نے 18 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان بابر اعظم 33، صائم ایوب 6 اور فخر زمان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ کینیڈا کی جانب سے ڈِلن ہیلیگر نے 2 وکٹیں جبکہ جیرمی گورڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کینیڈا نے مقررہ 20 اوور میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔ کینیڈا کی جانب سے ارون جانسن نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان سعد بن ظفر 10، نونیت دھلیوال 4، پراگت سنگھ اور شریاس مووا 2، 2، نکلس کرٹن ایک اور رووندرپال سنگھ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کلیم ثناء 13 اور ڈِلن ہیلیگر 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








