اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تابش گوہر کواپنا معاون خصوصی برائے پیٹرولیم مقرر کردیا، حماد اظہرکو وفاقی وزیرخزانہ بنانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزیر برائے ریونیو حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد حفیظ شیخ وزارت خزانہ کے عہدے سے فارغ ہوگئے ۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ندیم بابر کی جگہ تابش گوہرکواپنا معاون خصوصی برائے پیٹرولیم مقرر کردیاہے جبکہ ندیم بابر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حفیظ شیخ سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لینے اور وفاقی وزیر حماد اظہر کو یہ ذمہ داری سونپنے جانے کا فیصلہ کیاتھا،وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے بتایا تھاکہ حماد اظہر اب فنانس ٹیم کی سربراہی کریں گے،ان کا کہنا تھاکہ ملکی حقائق کو مدنظر رکھ کرفیصلے کیے جاتے ہیں،غریب لوگوں کو ریلیف دینا ہے۔
شبلی فراز نے بتایا کہ و زیراعظم عمران خان نے نئی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے فنانس کی نئی ٹیم تشکیل دی ہےاور جب کوئی نیا بندا آتا ہے تو نئی سوچ کے ساتھ آتا ہے، امید ہے کہ حماد اظہر کو وزیرخزانہ کا قلمدان دیئے جانے کے بعد ملک میں واضح معاشی تبدیلی آئیگی۔