امریکی فوج کا انخلاء، افغانستان کی آزادی پر طالبان کا جشن، کابل میں ہوائی فائرنگ

تازہ ترین

تازہ ترین

امریکی فوج کا انخلاء، افغانستان کی مکمل آزادی پر طالبان خوش، کابل میں ہوائی فائرنگ
امریکی فوج کا انخلاء، افغانستان کی مکمل آزادی پر طالبان خوش، کابل میں ہوائی فائرنگ

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی فوج کا انخلاء مکمل ہونے کے بعد ہوائی فائرنگ ہوئی جس پر طالبان کا کہنا ہے کہ افغانستان مکمل طور پر آزاد ہوگیا، فائرنگ جشنِ آزادی منانے کیلئے کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ الحمد اللہ افغانستان نے مکمل آزادی حاصل کر لی ہے۔ آخری امریکی فوجی گزشتہ شب 12 بجے افغانستان سے نکل گیا۔ ہوائی فائرنگ فوجیوں کے جانے کی خوشی میں کی گئی، عوام پریشان نہ ہوں۔

گزشتہ 20 سالہ امریکا افغان جنگ کا خاتمہ ہوا جس پر عوام نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے روایتی انداز میں ہوائی فائرنگ کی۔ ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ کابل کے شہریوں کو خوشی میں کی گئی فائرنگ سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

دوسری جانب امریکی فوج کے ائیربورن ڈویژن کے کمانڈر کے سب سے آخر میں طیارے میں سوار ہونے کی تصویر جاری کردی گئی جو افغانستان سے نکلنے والے آخری فوجی ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک آج مکمل طور پر آزاد ہوچکا ہے۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلاء مکمل ہوگیا، جنرل مکینزی نے کہا کہ تمام فوجی واپس آگئے ہیں جبکہ یہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا مشن تھا۔

 امریکی محکمۂ دفاع (پینٹاگون) نے افغانستان سے امریکی افواج کا انخلاء مکمل ہونے کی تصدیق کردی۔ امریکی کمانڈر جنرل مکینزی نے کہا کہ افغانستان سے تمام امریکی فوجیوں کا انخلاء مکمل ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی فوجیوں کا انخلاء مکمل، تمام فوجی واپس آگئے۔جنرل مکینزی

Related Posts