سرکردہ طالبان سہیل شاہین نے افغان ٹیم کے پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
منگل کو ایونٹ کے اہم مرحلے میں بنگلا دیش کیخلاف افغانستان کی جیت کے بعد جہاں ان کے فینز خوشی منانے سڑکوں پر نکلے اور سابق کرکٹرز کی جانب سے افغان ٹیم کو سراہا جارہا ہے، وہیں طالبان حکومت کے سینئر عہدیدار نے اپنی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر بھارتی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کے قطر میں سیاسی دفتر کے سربراہ اور اقوام متحدہ کیلئے نامزد مستقل نمائندے سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ ہم افغان کرکٹ کی بہتری کیلئے بھارت کے مسلسل تعاون پر اس کے شکر گزار ہیں اور اس کی قدر کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے بھارت نے افغان کرکٹرز کو اپنے اسٹیڈیمز میں تربیت فراہم کی جبکہ ان کو بھارتی کمپنیوں کی طرف سے اسپانسر شپ بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ بھارت کی ایک ملین ڈالر کی گرانٹ سے قندھار کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر بھی کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہی نہیں بلکہ بی سی سی آئی نے گریٹر نوئیڈا میں وجے سنگھ پاتھک اسپورٹس کمپلیکس کو افغان کرکٹ ٹیم کا عارضی ہوم گراؤنڈ قرار دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








