کراچی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی اور ان کے بچے کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے غصے میں آ کر واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی تاہم پولیس کی بروقت آمد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ واقعے سے متعلق قانونی کارروائی جاری ہے اور حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق کالا پل کے قریب بھی ایک اور واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک شخص زخمی ہوا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ڈیفنس فیز ٹو کے علاقے میں بھی واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا تھا۔ اس واقعے میں بھی جاں بحق شخص کی فوری شناخت نہیں ہو سکی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








