ملک بھر میں لوڈشیڈنگ اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر ٹیلی کام اور انٹر نیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں نے اپنی اپنی سروسز معطل کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو مشترکہ خط لکھا گیا، خط میں کہا گیا کہ بجلی کے شدید بحران کے باعث ٹیلی کام کمپنیز کو خدمات سرانجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ طویل لوڈ شیڈنگ اور بیک اپ آلات کی درآمد میں رکاوٹ کی وجہ سے ٹاور اور تنصیبات کے لیے بیک اپ بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن نہیں رہی، جس کے باعث ملک میں ٹیلی کام سروسز اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سروس معطل ہونے کا خدشہ ہے۔
کمپنیوں کو ٹیلی کام آلات اور بیک اپ بیٹریاں درآمد کرنے میں بھی مشکلات درپیش ہیں جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دوران سیلولر ٹاورز کو مہنگے ایندھن پر کئی کئی گھنٹے بیک اپ فراہم کرنا مشکل ہے۔
ٹیلی کام کمپنیوں کا کہنا ہے کہ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی بدولت کمپنیوں کے لیے سروس کے معیار اور نیٹ ورک کی توسیع سے متعلق لائسنس کی شرائط پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
ٹیلی کام کمپنیوں نے پی ٹی اے سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ طویل لوڈ شیڈنگ اور آلات کی درآمد پر کیش مارجن کا معاملہ متعلقہ اتھارٹیز کے سامنے اٹھایا جائے تاکہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔