انسٹاگرام نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ اس نے دنیا بھر میں ڈائریکٹ میسجز کے لیے دستیاب اختیاری اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن (ای ٹو ای ای) فیچر ختم کر دیا ہے۔ اس تبدیلی کے بعد پلیٹ فارم پر بھیجے جانے والے تمام ڈائریکٹ میسجز اب صرف عام یا اسٹینڈرڈ انکرپشن کے تحت محفوظ ہوں گے۔
اس سے پہلے انسٹاگرام کے صارفین میسنجر سے منسلک ڈی ایمز میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ چیٹس فعال کر سکتے تھے جس کے باعث پیغامات کا مواد خود میٹا بھی نہیں دیکھ سکتی تھی لیکن رواں ماہ سے یہ سہولت عالمی سطح پر ختم کر دی گئی ہے۔
اب تمام ڈی ایمز، چاہے وہ تحریری پیغامات ہوں، تصاویر، ویڈیوز یا وائس نوٹس، صرف اس نوعیت کی انکرپشن کے ذریعے محفوظ کیے جائیں گے جو ڈیٹا کو منتقلی اور سرور پر ذخیرہ ہونے کے دوران تحفظ دیتی ہے۔ اس نئی پالیسی کے نتیجے میں میٹا کے پاس تکنیکی طور پر پیغامات تک رسائی حاصل کرنے کی صلاحیت موجود رہے گی۔
میٹا کے ترجمان کے مطابق اس فیصلے کا مقصد انسٹاگرام ڈی ایمز میں حفاظتی نظام اور ٹولز کو یکساں بنانا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اسپام کی نشاندہی، رپورٹنگ کے بہتر نظام اور دیگر سیفٹی فیچرز کے انضمام جیسے اقدامات کیلئے سرور لیول پر رسائی ضروری ہوتی ہے اسی لیے یہ تبدیلی متعارف کرائی گئی۔
عام صارفین کے لیے روزمرہ ڈی ایم استعمال کرنے کا تجربہ ظاہری طور پر ویسا ہی رہے گا اور ایپ کے انٹرفیس میں کوئی نمایاں فرق محسوس نہیں ہوگا تاہم اب بھیجے یا موصول کیے جانے والے پیغامات پہلے کی طرح مکمل طور پر میٹا کی رسائی سے محفوظ نہیں رہیں گے۔ یہ تبدیلی پرانی چیٹس پر بھی لاگو ہوگی حتیٰ کہ وہ گفتگوئیں بھی جو پہلے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ تھیں۔
پرائیویسی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ عام انکرپشن بیرونی مداخلت یا ہیکنگ سے کچھ حد تک تحفظ فراہم کرتی ہے لیکن یہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن جتنا مضبوط رازداری کا نظام نہیں۔ ای ٹو ای ای میں صرف پیغام بھیجنے اور وصول کرنے والے افراد کے پاس ہی ڈی کرپشن کیز موجود ہوتی ہیں جس سے کسی تیسرے فریق کے لیے مواد تک رسائی ممکن نہیں رہتی۔
صارفین کو کیا کرنا چاہیے؟
میٹا نے ان صارفین کو مشورہ دیا ہے جو حساس گفتگو کے تحفظ کے لیے ای ٹو ای ای استعمال کرتے تھے کہ وہ اپنی معلومات کی ایک کاپی محفوظ کر لیں۔ اہم چیٹس کو ایپ میں موجود ڈاؤن لوڈ ٹول کے ذریعے محفوظ کیا جا سکتا ہے:
1۔ سیٹنگز اینڈ پرائیویسی میں جائیں پھر اکاؤنٹس سینٹر کھولیں اور وہاں یور انفارمیشن اینڈ پرمیشنز منتخب کریں۔
2۔ اس کے بعد ڈاؤن لوڈ یور انفارمیشن پر کلک کریں۔
3۔ میسجز منتخب کریں اور صرف انسٹاگرام کا انتخاب کریں۔
4۔ اپنی معلومات کی کاپی ای میل کے ذریعے حاصل کرنے کی درخواست جمع کروائیں۔
کمپنی نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ انسٹاگرام ڈی ایمز کے لیے دوبارہ ای ٹو ای ای متعارف کروانے کا کوئی ارادہ موجود ہے یا نہیں۔البتہ اس نے واضح کیا ہے کہ واٹس ایپ کے پیغامات اور میسنجر میں دستیاب ای ٹو ای ای آپشن بدستور برقرار رہے گا۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں انکرپٹڈ میسجنگ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رسائی، اور سوشل پلیٹ فارمز کی حفاظتی ذمہ داریوں پر بحث جاری ہے۔ میٹا نے 2022 میں مرحلہ وار آزمائش کے طور پر انسٹاگرام ڈی ایمز کے لیے اختیاری ای ٹو ای ای متعارف کروائی تھی جبکہ 2023 کے آخر میں میسنجر میں ڈیفالٹ ای ٹو ای ای مکمل طور پر نافذ کر دی گئی تھی۔ اب انسٹاگرام کے لیے کمپنی نے مختلف حکمتِ عملی اختیار کی ہے۔
ڈیجیٹل حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس تبدیلی پر تشویش کا اظہار کیا ہے خاص طور پر اس وجہ سے کہ مستقبل میں پرائیویسی سے متعلق مزید اپڈیٹس کے بارے میں کوئی واضح وقت یا منصوبہ فراہم نہیں کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








