کراچی: محکمہ موسمیات پاکستان نے کہا ہے کہ کراچی میں عید الفطر کے تیسرے روز شدید گرمی کا سلسلہ برقرار رہے گا جبکہ منگل کو درجہ حرارت 38.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا اور دن کے وقت درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں نمی کی سطح 53 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ہلکی شمالی ہوائیں چلنے کے باوجود گرمی کی شدت میں کوئی نمایاں کمی نہیں دیکھی گئی تاہم ماہرین کے مطابق دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے، جو کچھ حد تک موسم میں بہتری لا سکتی ہیں۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت دیگر شہری علاقوں میں “اربن ہیٹ آئی لینڈ ایفیکٹ” کی وجہ سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جس سے خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ درجہ حرارت عمومی موسمی اوسط سے 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں خاص طور پر درجہ حرارت معمول سے 3 سے 4 ڈگری زیادہ بڑھ سکتا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور حبس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








