وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ الحمدللہ آج پوری دنیا سے ’’شکریہ پاکستان‘‘ اور ’’تشکر پاکستان‘‘ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سفارتی محاذوں پر غیر معمولی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امن کے حقیقی داعی بن کر ابھرے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج عالمی سطح کے ہر فورم پر پاکستان کا پرچم سربلند ہو رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی کامیاب اور متوازن سفارت کاری کی بدولت خطے میں امن کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔ امریکی صدر سمیت عالمی قیادت وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتظامی و دفاعی صلاحیتوں کی معترف ہے۔
پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے کی خواہش رکھنے والے عناصر پر تنقید کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سازشی ٹولے کو آج عبرتناک شکست کا سامنا ہے۔ میاں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی بصیرت انگیز قیادت میں پاکستان تیزی سے اپنا کھویا ہوا عالمی مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔پاکستان کی ان سفارتی فتوحات سے سرحد پار بھی تکلیف اور کرب کی لہر محسوس کی جا رہی ہے۔
اپنے ہی ملک کے خلاف زہر اگلنے والے ’’بھگوڑوں‘‘ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کچھ عناصر ملک دشمنی میں اس حد تک گر چکے ہیں کہ انہیں پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اللہ ان کے حال پر رحم کرے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








