اسلام آباد: حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے، مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹی ایل پی نے پاکستان بچاؤ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے ٹی ایل پی رہنما کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مذاکرات کی کامیابی اور معاہدے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ٹی ایل پی میں خوش اسلوبی سے معاملات طے پاگئے۔
رانا ثنا اللہ اور تحریک لبیک کے رہنما شفیق امینی نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے خلاف کارروائی کے لیے اتفاق رائے سے ایک طریقہ کار طے کیا ہے، اس سلسلے میں حکومت اور ٹی ایل پی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے، اس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لوگ بھی شامل ہونگے۔
کاروباری برادری پیداواری صلاحیت کیلئے مصنوعی ذہانت استعمال کرے۔ صدرِ مملکت
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومتی کوششوں میں بہتری لانے پر اتفاق ہوا، حکومت ایک خط لکھے گی یا اپیل کرے گی، امریکی حکومت سمیت دنیا کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا جائے گا، تیسرا پٹرول قیمتوں میں مزید کمی کی کوششیں کی جائیں گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرلیا گیا ہے، حکومت اور ٹی ایل پی میں خوش اسلوبی سے معاملات طے پا گئے۔
رانا ثنا نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت میں انہی مسائل کو خوش اسلوبی سے حل نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ملک میں بدامنی ہوئی اور دونوں طرف سے جانی نقصان نہیں ہوا، ٹی ایل پی نے تدبر سے اس معاملے کو حل کیا، اپنے احتجاج کو اس معاہدے کی شکل میں ختم کرنے کی حامی بھری۔
شفیق امینی نے کہا کہ ہم نے پرامن مارچ کیا، حکومت سے مذاکرات میں ہم نے اپنے مطالبات رکھے، حکومت نے پرامن طریقے سے ہمارے مطالبات تسلیم کیے، حکومت نے پرامن جلوسوں پر تشدد کی پرانی روایات کو نہیں دہرایا، امید ہے سابقہ تلخ تجربات نہیں دہرائے جائیں گے اور معاہدے پر عمل کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








