ممبئی، بھارت میں سنجے دت کی نئی ہارر کامیڈی فلم “بھوتنی” کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا، یہ فلم، جو پہلے “دی ورجن ٹری” کے نام سے جانی جاتی تھی، ایک مافوق الفطرت کہانی پر مبنی ہے جس میں مونی رائے ایک ایسی بدروح کے کردار میں نظر آئیں گی جو ہر ویلنٹائن ڈے پر کنوارے لڑکوں کو شکار بناتی ہے۔
کہانی ایک ایسے کالج کے گرد گھومتی ہے جو “ورجن ٹری” نامی روح کے سائے میں گھرا ہوا ہے۔ کالج کے طلبہ جو اپنی درسگاہ کو اس خوفناک شہرت سے نجات دلانا چاہتے ہیں، مدد کے لیے سابق طالبعلم اور مشہور بھوت پکڑنے والے بابا (سنجے دت) سے رابطہ کرتے ہیں۔
ٹریلر میں مزاح، رومانس اور جدید سی جی آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تخلیق کردہ خوفناک مناظر کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے جبکہ مونی رائے ایک انتقامی بدروح کے روپ میں شاندار اداکاری کرتی نظر آ رہی ہیں۔
ہندی سنیما میں ہارر کامیڈی فلمیں ہمیشہ کامیاب رہی ہیں جیسا کہ “استری” اور “بھول بھلیاں” نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی۔ “بھوتنی” کے تخلیق کاروں کا کہنا ہے کہ وہ اس صنف کو ایک نئے انداز میں پیش کرنے جا رہے ہیں، جہاں کہانی ایک بڑے شہر کے کالج میں ترتیب دی گئی ہے۔
فلم کے ہدایتکار سدھانت سچ دیوا نے انکشاف کیا کہ 65 سالہ سنجے دت نے فلم میں اپنے تمام اسٹنٹس خود کیے ہیں جن میں ایک خطرناک 40 فٹ بلند چھلانگ بھی شامل ہے جو انہوں نے بغیر کسی باڈی ڈبل کے انجام دی۔ سچ دیوا نے سنجے دت کے جوش و جذبے اور ایکشن فلموں کے لیے ان کی لگن کو سراہا۔
ٹریلر لانچ کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سنجے دت نے اپنے طویل کیریئر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ میں گزشتہ 40 سال سے ایکشن کر رہا ہوں۔ شوٹنگ کے دوران مجھے بھگوان شیو اور ان کے شِو تانڈو کا آشیرواد حاصل رہاجس نے مجھے توانائی دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صبح 5 بجے تک شوٹنگ کی اور صرف خدا ہی جانتا ہے کہ ہم نے یہ کیسے مکمل کیا۔فلم “بھوتنی” 18 اپریل 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








