کراچی میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، رات بھر وقفے وقفے سے جاری بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات میں دس افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ شہر کی بدترین صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
رات گئے شہر کی اہم شاہراہوں بشمول شاہراہ فیصل اور آئی آئی چندریگر روڈ سے پانی کی نکاسی ممکن ہوئی لیکن کچھ مقامات پر اب بھی پانی کھڑا ہے۔ شہر کی سڑکیں دن بھر ندیوں کا منظر پیش کرتی رہیں جس سے بدترین ٹریفک جام ہوا۔ سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، کئی گاڑیوں کا ایندھن ختم ہوگیا اور شہری گھنٹوں تک پانی میں پھنسے رہے۔
سرجانی ٹاؤن، گارڈن، شادمان ٹاؤن، سخی حسن اور دیگر علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ نارتھ کراچی کی ناگن چورنگی فوڈ اسٹریٹ پر متعدد دکانیں پانی میں ڈوب گئیں۔
گلستان جوہر میں دیوار گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ شاہ فیصل کالونی میں بجلی کے کرنٹ لگنے سے دو نوجوان ہلاک ہوگئے۔ ڈیفنس میں بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے سے ایک موٹرسائیکل سوار کی جان چلی گئی۔ گرومندر نالے میں ڈوبنے والے ایک 50 سالہ شخص کی لاش بھی برآمد کرلی گئی۔
حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی سے بارشیں کراچی کے لیے ایک اور بڑا امتحان ثابت ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کی ناکامی ایک بار پھر عیاں ہوئی جو شہریوں کو بنیادی سہولیات اور فوری امداد فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








