دنیا میں کچھ ملکوں کے دارالحکومتوں کے حوالے سے لوگوں میں غلطی پائی جاتی ہے۔ بہت سے لوگ ان ملکوں کے مشہور اور بڑے شہروں کو دارالحکومت سمجھتے ہیں، جبکہ ہوتا اس کے بر عکس ہے۔
آئیے چند ایسے ملکوں اور ان کے دار الحکومتوں کے حوالے سے مغالطوں اور درست ناموں پر نظر ڈالتے ہیں۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ایسے کچھ ممالک درج ذیل ہیں:
آسٹریلیا
آسٹریلیا کا دارالحکومت کینبرا ہے نا کہ سڈنی جیسا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے۔ کینبرا کی آبادی 332 ہزار سے زیادہ ہے اور یہ جنوب مشرقی آسٹریلیا میں واقع ہے ۔ اسے 1908 میں آسٹریلیا کے دارالحکومت کے طور پر چنا گیا تھا۔ اس کو دارالحکومت بنانے کی وجہ اس کا دو بڑے شہروں کے درمیان ہونا تھا۔

برازیل
برازیل کا دارالحکومت برازیلیا ہے نہ کہ مشہور شہر ساؤ پالو۔ برازیلیا ملک کا وفاقی دارالحکومت ہے اور اسے 21 اپریل 1960 کو صدر جوسیلینو کوبِتسیک نے برازیل کا تیسرا دارالحکومت بنانے کے لیے قائم کیا تھا۔ حکومت نے اپنے تمام وفاقی دفاتر اس شہر میں منتقل کر لیے تھے۔

کینیڈا
شمالی امریکہ کے براعظم میں کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا کے بارے میں بھی بہت زیادہ الجھن ہے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ کینیڈا کا دارالحکومت ٹورنٹو ہے۔ ٹورنٹو ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور صوبہ اونٹاریو کا دارالحکومت بھی ہے۔ اس شہر کی آبادی 2011 کے اعداد و شمار کے مطابق 2 ملین سے زیادہ ہے۔

ترکیہ
مشرق وسطیٰ خاص طور پر ترکیہ اور اس کے دارالحکومت انقرہ کے حوالے سے بھی بہت سے لوگ غلطی کرتے ہیں اور استنبول کو ترکیہ کا دارالحکومت سمجھتے ہیں۔ استنبول کی آبادی 15 ملین سے زیادہ ہے اور یہ سلطنت عثمانیہ کے دوران ترکیہ کا دارالحکومت تھا۔

اسپین
جہاں تک سپین کا تعلق ہے تو اس کا دارالحکومت میڈرڈ ہے بارسلونا نہیں۔ یہ دونوں شہر دنیا میں اپنی فٹ بال ٹیموں کے لیے مشہور ہیں۔ جنوری 2011 کے اعدادوشمار کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر میڈرڈ کی آبادی 3.2 ملین افراد پر مشتمل تھی۔

سوئٹزرلینڈ
یہ تصور کرنا بھی ایک عام غلطی ہے کہ سوئٹزرلینڈ کا دارالحکومت جنیوا ہے۔ جنیوا شہر سب سے زیادہ بین الاقوامی اور بین الاقوامی ہیڈکوارٹرز کی میزبانی کرتا ہے لیکن ملک کا دارالحکومت برن ہے۔ یہ زیورخ، جنیوا اور باسل کے بعد آبادی کے لحاظ سے سوئٹزر لینڈ کا چوتھا بڑا شہر ہے۔

جنوبی افریقہ
جنوبی افریقہ میں ایک سے زیادہ دارالحکومت ہیں اور یہ دنیا کا واحد ملک ہے جس کے تین دارالحکومت ہیں۔
لیکن جوہانسبرگ ملک میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا شہر ہے۔ یہ اقتصادی لحاظ سے بھی سب سے اہم شہر ہے۔ تاہم یہ ملک کے دارالحکومتوں میں سے ایک نہیں ہے۔
جنوبی افریقہ کے دارالحکومتوں میں پریٹوریا، بلومفونٹین اور کیپ ٹاؤن آتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کی حکومت تین محکموں میں تقسیم ہے اور اس وجہ سے اس کے تین متنوع دارالحکومت ہیں۔
جنوبی افریقہ کا ایگزیکٹو دارالحکومت پریٹوریا کا شہر ہے۔ بلومفونٹین عدالتی دارالحکومت ہے اور کیپ ٹاؤن قانون ساز دارالحکومت ہے۔ حکومت کے دفاتر اسی شہر میں واقع ہیں۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








