کولمبو: سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ ملک کا دیوالیہ ہوگیا اور آئندہ برس بھی ہمیں مالی مشکلات کا سامنا رہے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے وزیراعظم نے پارلیمنٹ سے خطاب میں اعتراف کیا کہ ملک دیوالیہ ہوگیا اور آئندہ برس بھی مشکلات کا سامنا رہے گا، دیوالیہ ملک کی حیثیت سے آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے۔
سری لنکن وزیراعظم نے کہا کہ دیوالیہ ملک ہونے کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کو قرضوں کی ادائیگی کا ایک ٹھوس منصوبہ بھی بناکر دینا ہوگا جس پر آئی ایم ایف مطمئن ہوگیا تو اگست تک معاہدہ طے پانے کی امید کی جاسکتی ہے۔
رانیل وکرم سنگھے کا مزید کہنا تھا کہ کئی ماہ سے بد ترین معاشی بحران کا شکار ہیں اور آئندہ ماہ بھی مشکلات کا سامنا رہے گا۔ ہم نے ملکی کرنسی کو کم سے کم چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ شدید مالی بحران کے شکار ملک سری لنکا کو آئی ایم ایف نے گزشتہ ہفتے ہی قرضوں کے معاہدے پر مزید کام کرنے کا کہا تھا۔