کراچی: وزیراطلاعات سندھ کو بڑا ریلیف مل گیا، سندھ ہائیکورٹ نے نظرِ ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن اور دیگر کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کرپشن کا کیس چل رہا ہے، جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی محکمہ اطلاعات سندھ کے کرپشن ریفرنس میں نظر ثانی کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے شرجیل میمن کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار کے وکیل راج واحد ایڈووکیٹ نے مؤقف دیا تھا کہ عدالت نے شرجیل میمن کی ضمانت منظور کرتے وقت نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔ شرجیل میمن کو ملک سے باہر جانے کے لیے بار بار اجازت لینا پڑتی ہے۔
روپیہ مزید مستحکم ہوگیا، ڈالر کی قدر میں 2 روپے سے زائد کی کمی
مؤقف میں کہا گیا تھا کہ شرجیل میمن ٹرائل کورٹ میں باقاعدگی سے پیش ہورہے ہیں، لہٰذا ان کا نام مستقل ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔ نیب اور وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی شرجیل میمن کا نام مستقل ای سی ایل سے خارج کرنے کی حمایت کردی ہے۔
عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد شرجیل انعام میمن کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی۔ درخواست پر فیصلہ جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے محفوظ کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








