اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔
ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی نے20 مارچ تک عمران خان کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست پر سماعت کی۔
پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی غیر موجودگی میں ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ نہیں ہوسکتے، غیر موجودگی میں ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کیے تو دیگر ملزمان کو بھی یہ فائدہ دیا جائے گا۔
پاکستانی پاسپورٹ پر عمان جانے والا افغان شہری ایئرپورٹ پر گرفتار
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ وارنٹ گرفتاری عمل میں لانے کے لیے پولیس پہنچی تو ان پر پیٹرول بم پھینکا گیا، پولیس پر کارکنان نے تشدد کیا، عمران خان کی ضمانت بھی اس میں واپس لینی چاہیے۔
عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے انہیں 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں 13 مارچ کو سول جج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ رانامجاہد رحیم نے عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








