صوبہ بلوچستان میں شدید بارشوں سے تباہی کا سلسلہ تھم نہ سکا، ہلاک افراد کی تعداد 104 تک پہنچ گئی۔
بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 بچے بارشوں کی نذر ہوگئے، صوبے بھر میں حالیہ بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 104 ہوگئی۔
بلوچستان کے محکمہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پیر کو بارش سے موسیٰ خیل اور ڈیرہ بگٹی میں 2 بچوں کی اموات ہوئیں جس کے بعد صوبے میں اب تک بارشوں سے ہونے والی اموات کی تعداد 104 جبکہ زخمیوں کی تعداد 61ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 40 مرد ،30خواتین جبکہ 34 بچے شامل ہیں۔
اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک 6 ہزار 63 مکانات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 2ہزار 536 مکمل جبکہ ایک ہزار 417 جزوی طور پر متاثر ہیں ۔
اس کے علاوہ بارشوں میں 565 کلو میٹر پر مشتمل 4 مختلف شاہراہیں شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ بارشوں سے 712 مال مویشی بھی مارے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 97 ہزار 930 ایکڑ پر کھڑی فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو بھی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان میں شدید بارشوں سے تباہی کے بعد کوئٹہ آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔