اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس پھیلنے کی شرح کو بلند دیکھا گیا، اس کشمکش کی صورتحال میں اسکولوں کو کھولا جائے یا بند کیا جائے اس حوالے سے فیصلہ کل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نجی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بروز بدھ مورخہ 10 مارچ سے ملک بھر کے معمر افراد کیلئے ویکسی نیشن کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ امید ہے جلد از جل موجودہ صورتحال کو کنٹرول کرلیا جائے گا۔
شفقت محمود نے کہا کہ آج ملک میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم ابھی صورتحال ویسی نہیں جیسی گزشتہ سال نومبر یا دسمبر میں تھی۔صورتحال کافی حد تک کنٹرول میں ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،جبکہ تعلیمی ادارے بند کرنے یا کھلے رکھنے کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔ اجلاس میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم شرکت کریں گے۔