کراچی:پاکستان میں 30 روزے پورے اور عید الفطر 14 مئی جمعہ کو ہونے کا امکان ہے۔
جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ 12 مئی کی شام سورج غروب ہوگا تو اس وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 31 منٹ ہو گی،غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیانی وقت صرف 36 منٹ کا ہو گا۔
پروفیسر جاوید اقبال کے مطابق شوال 1442 ہجری کا نیا چاند 11 اور 12 مئی کی درمیانی شب کو تقریباً 12 بجکر ایک منٹ پر پیدا ہو گا۔جامعہ کراچی کے پروفیسر کے مطابق غروب آفتاب کے وقت چاند افق سے تقریباً 6.5 ڈگری پر ہو گا۔
12 مئی کی شام کو غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ روزے پورے 30 ہوں گے اور عید 14 مئی کو ہو گی۔