سوڈان کے مغربی علاقے دارفور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شدید بارشوں کے بعد مٹی کا ایک بڑا تودہ گرنے سے پورا گاؤں ملبے تلے دب گیا۔ تقریباً ایک ہزار سے زائد افراد اس المناک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے جبکہ صرف ایک شخص زندہ بچ سکا۔
یہ افسوسناک واقعہ دارفور کے مرا پہاڑی سلسلے میں پیش آیا۔ سوڈان لبریشن موومنٹ/آرمی نامی باغی گروہ نے پیر کی رات ایک بیان جاری کرتے ہوئے سانحے کی تفصیلات بیان کیں۔ ان کے مطابق، کئی روز سے جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث اتوار کو پہاڑی علاقے میں ایک بڑا مٹی کا تودہ گرا، جس نے گاؤں کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق گاؤں کے تمام رہائشی اس حادثے میں ہلاک ہو گئے اور صرف ایک فرد زندہ بچ پایا ہے جو اس سانحے کی ہولناکی کو بیان کرنے والا واحد گواہ ہے۔
باغی گروہ نے اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی امدادی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے تاکہ لاشوں کو نکالنے شناخت کرنے اور متاثرہ مقام پر امدادی سرگرمیاں بحال کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ یہ علاقہ حالیہ مہینوں میں سوڈانی فوج اور نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے درمیان جاری جھڑپوں کے باعث شمالی دارفور سے نقل مکانی کر کے آنے والے بے گھر افراد کا عارضی ٹھکانہ بنا ہوا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








