اسلام آباد اسکوٹی حادثے میں جاں بحق 2 لڑکیوں کے خاندانوں نے ملزم ابو ذر کو معاف کردیا، جس کے بعد کیس ختم، ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں گرفتار ملزم ابوذر کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر پیش کیا گیا۔
عدالت کے سامنے متاثرہ خاندانوں نے ملزم کو معاف کردیا۔ ایک لڑکی کابھائی عدالت میں بیان دینے آیا تھا اور والدہ کا آن لائن بیان ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جاں بحق لڑکی کے والد کا بیان عدالت میں ریکارڈ کیا گیا۔
دونوں خاندانوں میں صلح ہونے کے بعد ملزم کے خلاف کیس ختم کردیا گیا۔ متاثرہ خاندانوں کے بیان کے بعد ملزم کی ضمانت منظور ہوگئی اور عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
خیال رہےکہ 5 روز قبل سیکرٹریٹ چوک شاہراہ دستور پر گاڑی کی اسکوٹی کو ٹکر سے 2 خواتین جاں بحق ہوگئی تھیں۔
حادثے میں جاں بحق خواتین کی شناخت ثمرین اور تابندہ کے نام سے ہوئی تھی جبکہ واقعے کا مقدمہ جاں بحق لڑکی ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکےگاڑی کے ڈرائیور ابوذر کو گرفتار کرلیا تھا، بعد ازاں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ملزم ابوذر کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا تھا کہ ملزم کے پاس شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں، ملزم کا بیان ہے کہ اس کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہے اور ملزم نےلاپرواہی، غفلت اور تیزرفتار گاڑی چلاتےہوئے 2 نوجوان لڑکیوں کی اسکوٹی کو ٹکر ماری، پی این سی اے میں ملازم لڑکیاں شدید زخمی ہو کر گریں اور موت واقع ہوگئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








