وہ لمحہ جب ایک خاکروب خاتون نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

فیصل آباد میں ایک خاکروب خاتون نصرت بی بی نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کرکے ملک کا نام روشن کردیا۔

فیصل آباد کے محلہ نگہبان پورہ میں صفائی کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام کی نصرت بی بی کو کوڑے دان سے نو لاکھ روپے ملے، مگر لمحہ بھر کے لیے بھی لالچ ان پر غالب نہ آیا۔ انہوں نے فوراً اپنے سپروائزر کو اطلاع دی، جس نے محلے کے رہائشیوں سے رابطہ کر کے اصل مالک کو ڈھونڈ نکالا اور پوری رقم اسے واپس کر دی۔

نصرت بی بی ستھرا پنجاب پروگرام کے اُس عملے کا حصہ ہیں جن میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد سینیٹری ورکرز شامل ہیں اور جو شہروں کو صاف رکھنے کے لیے شب و روز محنت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ساری زندگی حلال کھایا ہے، بچوں کو بھی وہی کھلایا ہے اور رقم واپس کرنا ان کے ضمیر کی آواز تھی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نصرت بی بی کی ایمانداری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اعلان کیا کہ انہیں تین لاکھ روپے انعام، تعریفی سرٹیفکیٹ اور ان کے بیٹے کو ضلعی انتظامیہ میں ملازمت دی جائے گی۔ ان کے مطابق ایسی مثالیں معاشرے میں دیانت داری کو زندہ رکھتی ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ امریکی جریدے فوربز ستھرا پنجاب پروگرام کو دنیا کے بہترین اور منظم ترین ویسٹ مینجمنٹ سسٹمز میں شمار کر چکا ہے۔ اس نظام کے تحت پنجاب میں روزانہ 50 ہزار ٹن سے زائد کچرا جمع کر کے تلف کیا جاتا ہے۔

Related Posts