چاند نظر نہیں آیا، تراویح ہفتہ، یکم رمضان اتوار 2 مارچ کو ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو دنیا

رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ اتوار دو مارچ کو ہوگا، جبکہ تراویح ہفتہ یکم مارچ کو ہوگی۔

قبل ازیں مضان المبارک 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں چیئرمین مرکزی کمیٹی مولانا عبد الخبیر کی زیر صدارت اوقاف ہال پشاور میں ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی اراکین سمیت محکمہ موسمیات، سپارکو اور دوسرے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے چاند کی رویت کی شہادتوں کا انتظار اور تجزیہ کیا گیا۔

کمیٹی ارکان نے پشاور میں خود بھی چاند دیکھنے کی کوشش کی، لاہور اور کراچی سے چاند نظر نہ آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

کمیٹی کو فیصل آباد، چترال سمیت ملک بھر کی زونل کمیٹیوں سے چاند نظر نہ آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد شام گئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر نہ آنے اور یکم رمضان اتوار دو مارچ کو ہونے کا اعلان کردیا۔

سپارکو کی رمضان کے چاند سے متعلق پیش گوئی

قبل ازیں رمضان المبارک کے چاند سے متعلق سپارکو نے پیش گوئی کی تھی کہ نیا چاند 28 فروری 2025 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پانچ بج کر 45 منٹ پر پیدا ہوگا اور 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی۔

سپارکو کے مطابق 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی 5 ڈگری ہوگی، فاصلے اور کم بلندی کی وجہ سے اس کا نظر آنا مشکل ہے۔

سپارکو کے مطابق 28 فروری کو چاند اور سورج کے درمیان زوایے کا فاصلہ 7 ڈگری ہوگا جس کی وجہ سے چاند کو انسانی آنکھ سے نہیں دیکھا جائے گا۔

سپارکو کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب میں 28 فروری کو ہلال نظر آسکتا ہے، سعودی عرب میں رمضان یکم مارچ سے شروع ہوگا، شوال کا چاند 30 مارچ کو متوقع ہے، عید الفطر 31 مارچ کو ہوسکتی ہے۔

Related Posts